پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا

لاہور: پی ٹی آئی کی کارکن خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا حکم پنجاب حکومت کی جانب سے واپس لینے کے بعد کوئٹہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
خدیجہ شاہ کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کرکے راہداری ریمانڈ لینے کے لیے درخواست دائر کی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ کا دو روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے خدیجہ شاہ کو دو روز میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
کوئٹہ پولیس نے درخواست دی کہ ملزمہ کا کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت سے وارنٹ لیا ہے، ملزمہ سے تفتیش کرنی ہے، عدالت تین روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرے۔
لاہور ہائی کورٹ نے خدیجہ شاہ کو ڈھائی بجے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ اگر خدیجہ شاہ کو پیش نہ کیا گیا تو آئی جی پنجاب پیش ہوکر وضاحت دیں، لاء افسران فوری عدالتی احکامات سے متعلق متعلقہ اتھارٹیز کو آگاہ کریں۔
قبل ازیں، پنجاب حکومت نے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا حکم واپس لیا تھا، جس کا حکومتی تحریری آرڈر سرکاری وکیل نے عدالت میں پیش کرنا تھا۔
خیال رہے کہ خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب امین نے نظربندی کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔