آئی سی سی کا 2027 تک پاک بھارت میچز کے نیوٹرل وینیو پر انعقاد کا اعلان
دبئی: آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے طویل عرصے سے جاری تعطل کا حل نکالتے ہوئے پاک بھارت فیوژن فارمولے کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی بورڈ نے پاک بھارت فیوژن فارمولے کی منظوری دے دی ہے، فیوژن فارمولا چیمپئنز ٹرافی، ویمن ورلڈکپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پر نافذ ہوگا جب کہ 2027 تک پاکستاں اور بھارت ایک دوسرے کے ملک میں آئی سی سی ایونٹ کا میچ نہیں کھیلیں گے۔
معاہدے کے تحت 8 ٹیموں کے اس ایونٹ میں بھارت کے میچز ایک غیر جانبدار مقام پر کھیلے جائیں گے جب کہ بدلے میں آئی سی سی کے ان ایونٹس، جن کی میزبانی بھارت کرے گا وہ بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستاں 4 سال بعد ایک اور آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا جس میں پاکستان کو 2028 کے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی دی گئی ہے۔
2028 ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اگلے سائیکل کا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا اور ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی پاکستاں بھارت کا فیوژن فارمولا اپلائی ہوسکتا ہے۔
اس کے علاوہ 2027 تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں آئی سی سی ایونٹ کا میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گی اور نیوٹرل وینیو کا انتخاب میزبان بورڈ کرے گا۔
واضح رہے کہ ویمن ورلڈکپ 2025 اور مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی میزبانی بھارت کے پاس ہے جب کہ پاکستاں اور بھارت کے درمیان معاہدے کو آئی سی سی بورڈ سے باضابطہ منظوری دلائی جائے گی۔
آئی سی سی نے ایک سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تجویز پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے جس میں پاکستان، بھارت اور کسی اور ایشیائی فل ممبر یا ایسوسی ایٹ ممبر ٹیم کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
اس سیریز کا انعقاد بھی نیوٹرل وینیو پر ہوگا، یہ تجویز پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے میچز کی میزبانی نہ ملنے کے ازالے کے طور پر پیش کی گئی ہے۔