پاکستان کا بہت احترام کرتا ہوں، فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہت اچھے ہیں، ٹرمپ
واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں پاکستان کا بہت احترام کرتا ہوں، پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہت اچھے اور قابل احترام ہیں۔
امریکی میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں نے 8 جنگیں روکیں جن میں پاکستان اور بھارت کی جنگ بھی شامل ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ جوہری جنگ کی طرف جارہی تھی، جنگ کے دوران 11 جہاز گرائے گئے، پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ میں نے لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جنگ جلد ختم ہوجائے گی اور ہم فاتح ہوں گے، ایران بات کرنا چاہتا ہے تو وہ ہمیں فون کرسکتا ہے، ہم یہ کام فون کے ذریعے کریں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں جن لوگوں سے ہم نمٹ رہےہیں ان میں کچھ مناسب ہیں اور کچھ نہیں، امید ہے کہ ایران دانش مندی کا مظاہرہ کرے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کا افزودہ یورینیم کا معاملہ مذاکرات کا حصہ ہے، ہم اسے حاصل کریں گے، چین سے زیادہ مایوس نہیں ہوں، تاہم وہ مزید مدد کرسکتا ہے۔
نیٹو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے میں نیٹو ہمارے ساتھ نہیں تھا، جب جنگ ختم ہوگئی تو برطانیہ نے کہا کہ وہ جہاز بھیجے گا، یہ اچھا نہیں ہے۔