ٹرین کے نیچے آجانے والے معمر شخص کو کیسے بچایا گیا؟
ممبئی: زندگی اور موت اوپر والے کے ہاتھ میں ہے، ایسے ایسے معجزات کی دُنیا میں کمی نہیں جب لوگ موت کے منہ سے صحیح سلامت لوٹے، اُنہیں دیکھ کر لوگ انگشت بدنداں رہ گئے۔ گزشتہ روز ایسا ہی واقعہ بھارت کے ممبئی میں پیش آیا ہے۔
ذرائع ابلاغ سے متعلق بھارتی ادارے کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک 70 سالہ ضعیف شخص کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریلوے انتظامیہ کے چند لوگ ایک شخص کو ٹرین کے نیچے سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، تھوڑے سے سہارے سے اس شخص کو ٹرین کے نیچے سے زندہ وسلامت بھی نکلتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارت کے سینٹرل ریلوے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ضعیف شخص کے ریلوے ٹریک پر گرنے کا واقعہ اتوار کو پیش آیا، پلیٹ فارم نمبر 4 سے اپنی منزل کے لیے رواں دواں تھی کہ عین اسی لمحے 75 سالہ ہری شنکر ریلوے ٹریک سے گزرتے وقت گر کر ٹرین کے نیچے پھنس گئے، تاہم اگر ریلوے ڈرائیور اسی لمحے ایمرجنسی بریک نہ لگاتا تو ہری شنکر لمحوں میں ریل کے نیچے آکر ہلاک ہوجاتے۔
لوگوں نے مل کر شہری ہری شنکر کو ریل کے نیچے سے نکلنے میں مدد دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے شہری کے گرنے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے ٹریک کو عوام کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
دوسری طرف ایمرجنسی بریک لگانے والے دونوں انجن ڈرائیورز کے لیے 2000 بھارتی روپے نقد انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
ہری شنکر صحیح سلامت ہیں اور نئی زندگی ملنے پر خوشی سے پھولے نہیں سمارہے۔