ہیپو نے 2 سالہ بچہ نگلنے کے بعد واپس زندہ کیسے اُگلا؟

کمپالا: افریقا کے ملک یوگنڈا میں ایک ہیپو جسے دریائی گھوڑا بھی کہا جاتا ہے، نے 2 سالہ بچے کو نگلنے کے بعد دوبارہ اگل دیا۔
حیران کن طور پر اس خوف ناک عمل کے باوجود بھی بچہ زندہ بچنے میں کامیاب رہا۔
یہ واقعہ مغربی یوگنڈا کی جھیل ایڈورڈ کے کنارے پیش آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ 2 سالہ بچہ اپنے گھر کے قریب کھیل رہا تھا اور جھیل کا کنارہ اس سے 800 گز دُور تھا۔
ہیپو (دریائی گھوڑا) اس جھیل سے باہر آیا اور اپنے بڑے جبڑے میں بچے کو دبوچ کر نگلنا شروع کردیا۔
جب وہ بچے کو نگل رہا تھا تو ایک مقامی شخص نے یہ دیکھ لیا، جس نے دریائی گھوڑے پر پتھر برسانے شروع کردیے۔
اس پتھراؤ کے بعد دریائی گھوڑے نے بچے کو دوبارہ باہر اگل دیا اور پھر جھیل میں واپس چلا گیا۔
مقامی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اس طرح کا پہلا واقعہ ہے جب ایک دریائی گھوڑے نے جھیل سے باہر اتنی دور آکر کسی بچے پر حملہ کیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ دریائی گھوڑے نے بچے کا سر جبڑے میں دبوچ کر آدھا جسم نگل لیا تھا، مگر مقامی شخص کی بہادری کے باعث بچے کی زندگی بچ گئی۔
دریائی گھوڑے کے حملے سے بچہ زخمی ہوگیا تھا جسے علاج کے لیے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا۔
دھیان رہے کہ دریائی گھوڑے بہت زیادہ جارحیت پسند ہوتے ہیں اور اپنے قریب کسی کو برداشت نہیں کرتے۔
ان کے دانتوں کے چبانے کی طاقت ایک شیر سے 3 گنا جب کہ انسان سے 10 گنا زیادہ ہوتی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ افریقا میں ہر سال کم از کم 500 افراد دریائی گھوڑوں کے حملوں میں ہلاک ہوجاتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔