عوام کے لیے بڑے ریلیف کی امید

بلال ظفر سولنگی

پاکستان میں مہنگائی کی بڑھتی ہوئی لہر نے گزشتہ کئی سال سے عام شہری کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء سے لے کر بجلی، گیس اور ٹرانسپورٹ تک ہر شعبہ مہنگائی کے دباؤ میں رہا ہے۔ ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ بڑی کمی کی خبر عوام کے لیے ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے، جس سے نہ صرف معاشی دباؤ کم ہونے کی امید ہے بلکہ مجموعی معاشی سرگرمیوں میں بھی بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتِ پاکستان، پٹرولیم ڈویژن، اوگرا اور پی ایس او کی ورکنگ کے تحت 20 جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی پر غور کیا جارہا ہے، جو 55 روپے فی لیٹر سے بھی زائد ہوسکتی ہے۔ اگر یہ فیصلہ عملی شکل اختیار کرلیتا ہے تو یہ حالیہ برسوں میں ایک بڑی اور غیر معمولی ریلیف پیکیج کے طور پر دیکھا جائے گا۔
وزیراعظم کی جانب سے اس معاملے پر سخت ہدایات اور توجہ اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مشکلات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور انہیں کم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 7 مارچ کو ہونے والے پٹرولیم مصنوعات کے اضافے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور متعلقہ وزارت کو واضح ہدایت دی ہے کہ اس اضافے کا ازالہ کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ امریکا ایران جنگ بندی معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ عرب لائٹ خام تیل کی قیمت ایک ہفتے کے دوران 16 ڈالر فی بیرل کم ہو کر قریباً 80 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے، جس کا براہِ راست اثر پاکستان جیسے درآمدی ملک پر پڑتا ہے۔ چونکہ پاکستان اپنی ضروریات کا بڑا حصہ خام تیل درآمد کرتا ہے، اس لیے عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے کو متاثر کرتی ہیں بلکہ اس کا اثر ہر شعبے پر پڑتا ہے۔ اشیاء خورونوش کی ترسیل، صنعتی پیداوار، زرعی لاگت اور روزمرہ زندگی کے دیگر اخراجات بھی ایندھن کی قیمتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ جب پٹرول مہنگا ہوتا ہے تو ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے اور جب قیمتیں کم ہوتی ہیں تو معیشت میں ایک مثبت لہر پیدا ہوتی ہے۔
اس ممکنہ کمی سے نہ صرف عوام کو براہِ راست ریلیف ملے گا بلکہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی، اشیاء کی قیمتوں میں استحکام اور صنعتی پیداوار میں بہتری جیسے مثبت اثرات بھی سامنے آئیں گے۔ خاص طور پر وہ طبقہ جو روزانہ کی آمدن پر انحصار کرتا ہے، اس فیصلے سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
دوسری جانب آئل کمپنیوں میں ممکنہ بڑی کمی کے حوالے سے ہلچل بھی دیکھی جارہی ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق کچھ کمپنیاں چاہتی ہیں کہ قیمتوں میں یکمشت بڑی کمی کے بجائے مرحلہ وار کمی کی جائے تاکہ مارکیٹ پر دباؤ کم رہے۔ تاہم عوامی سطح پر یہ رائے زیادہ مضبوط ہے کہ جب عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہو رہی ہیں تو اس کا مکمل فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل ہونا چاہیے۔
یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جاسکتی کہ پاکستان کے عوام گزشتہ کچھ عرصے سے شدید معاشی دباؤ کا شکار رہے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے اخراجات نے عام شہری کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے۔ ایسے حالات میں حکومت کی جانب سے اگر واقعی 55 روپے فی لیٹر یا اس سے زائد کمی کی جاتی ہے تو یہ ایک بڑا ریلیف پیکیج تصور کیا جائے گا۔
عوام ہمیشہ سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ حکومتیں ان کے لیے مشکل فیصلوں کے ساتھ ساتھ ریلیف کے فیصلے بھی اسی رفتار سے کریں۔ ایک عوام دوست حکومت کی پہچان یہی ہوتی ہے کہ وہ مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہو اور ان کے بوجھ کو کم کرنے کی عملی کوشش کرے۔ موجودہ صورت حال میں اگر یہ کمی حقیقت کا روپ دھارتی ہے تو اسے ایک مثبت اور خوش آئند قدم قرار دیا جاسکتا ہے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی صرف ایک معاشی فیصلہ نہیں بلکہ عوامی زندگی میں سکون، آسانی اور استحکام لانے کا ذریعہ بھی ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ حکومت اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرے گی تاکہ مہنگائی کے ستائے ہوئے شہریوں کو کچھ راحت مل سکے اور معیشت میں ایک نئی امید کی کرن پیدا ہو سکے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔