نامور ڈائریکٹر نے آڈیشن کیلئے مختصر لباس پہننے کی مانگ کی، حرا خان
کراچی: ٹی وی اداکارہ حرا خان نے ایک نامور ڈائریکٹر کی جانب سے آڈیشن کے لیے مختصر لباس پہننے کے مطالبے کا انکشاف کیا ہے۔
اداکارہ حرا خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ڈرامے کے سیٹ پر مجھے میری ساتھی اداکارہ نے ایک ڈائریکٹر کے بارے میں بتایا کہ اس ڈائریکٹر کو اپنے نئے ڈرامے کے لیے کاسٹ کی ضرورت ہے، یہ کافی مشہور کاسٹنگ ڈائریکٹر ہیں تو تُم ان کے ڈرامے کے لیے آڈیشن دو۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے ساتھی اداکارہ سے ڈائریکٹر کا نمبر لیا تاکہ میں اُنہیں اپنا کام دِکھا سکوں، کیونکہ کام دیکھ کر ہی اداکاروں کو کاسٹ کیا جاتا ہے۔
حرا خان نے ڈائریکٹر کا نام ظاہر کیے بغیر کہا کہ جب میں نے ڈائریکٹر سے رابطہ کیا تو اُنہوں نے مجھ سے میرا کام نہیں مانگا بلکہ سیدھا آڈیشن کے لیے بُلا لیا۔
حرا نے بتایا کہ میں نے ڈائریکٹر سے کہا کہ میں دوپہر کے تین بجے آڈیشن کے لیے آجاؤں گی جس پر اُنہوں نے کہا کہ آپ نے آڈیشن کے لیے رات 11 بجے آنا ہے اور آڈیشن کے لیے مختصر لباس پہننے ہوں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں ڈائریکٹر کی بات سُن کر حیران رہ گئی تھی، میں نے اُن سے کہا کہ میں اسکرین پر بولڈ لباس نہیں پہنتی اور نہ ہی اتنی رات کو آڈیشن کے لیے جاتی ہوں جس پر اُنہوں نے کہا کہ آپ بے فکر رہیں، یہ پرائیویٹ آڈیشن صرف پروڈیوسرز اور ہم ہی دیکھیں گے، اس کے علاوہ کوئی نہیں دیکھے گا۔
حرا خان نے مزید کہا کہ میں نے اُنہیں صاف انکار کرکے فون بند کیا اور پھر انڈسٹری کے دوسرے ڈائریکٹر کو سارا قصہ سُنایا جس پر اُنہوں نے مجھے کہا کہ یہ سب دھوکا اور فراڈ ہوتا ہے۔