وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، پی ٹی آئی کی اپیل پر عدالت عظمیٰ کا بینچ تشکیل

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے لاہور ہائی کورٹ کے وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر بینچ تشکیل دے دیا۔
پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری اور امتیاز صدیقی کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
سابق حکمراں جماعت نے سپریم کورٹ میں دائر اپیل کو منظور کرنے کی استدعا کی ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ درخواست کے فیصلے تک وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب روکا جائے۔
عدالت عظمیٰ نے تحریک انصاف کی اپیل پر تین رکنی بینچ تشکیل دیا ہے جس کی سربراہی چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کریں گے۔
عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں جب کہ عدالت اپیل پر سماعت دن ڈیڑھ بجے کرے گی۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے انتخاب کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے منحرف ارکان کے ووٹ نکال کر دوبارہ گنتی کرانے کا حکم دیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔