حزب اللہ نے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کردی
بیروت: لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے جنرل سیکریٹری حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کردی۔
گزشتہ روز اسرائیل نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے میں بم باری کی تھی اور اس حملے میں 2 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
گزشتہ 5 روز میں یہ اسرائیلی فوج کی بیروت پر سب سے طاقتور بمباری تھی، جنوبی ٹاؤن پراسرائیلی بمباری میں 4 عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔
اسرائیل فوج نے کچھ دیر قبل بیروت حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔
تاہم اب حزب اللہ نے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کردی۔ حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے۔ حزب اللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی، غزہ اور فلسطین کی حمایت، لبنان کے دفاع کے لیے اپنا جہاد جاری رکھیں گے۔