ملک میں موسلادھار بارشبں متوقع، اربن فلڈنگ کے خطرات
اسلام آباد: ملک میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کردی گئی، اربن فلڈنگ کا خطرہ۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک میں آج سے بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہوگا، جس سے آج رات سے 30 جون کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک میں بارش برسانے والا سسٹم آنے کی وجہ سے عیدالاضحیٰ پر موسم خوش گوار رہنے کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے پیش نظر صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹس ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کردیا گیا ہے، سسٹم کے تحت آج رات سے 30 جون کے دوران لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارشیں ہوں گی۔
لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالا میں اربن فلڈنگ اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ سسٹم کے تحت مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی اور سرگودھا میں بارشیں ہوں گی جب کہ حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالا، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بادل برسیں گے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 سے 29 جون کے دوران ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسلادھاربارشوں سے 26 اور27 جون کو لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالا میں اربن فلڈنگ اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہوگا جب کہ 27 جون کو ڈی جی خان میں سیلابی صورت حال کا اندیشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مسافروں اور سیاحوں کو ناخوش گوار صورت حال سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آندھی اور شدید بارشوں کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ گرمی کی شدت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ ہوسکتا ہے جب کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔