سیاست کرنے نہیں، ہزارہ برادری کے دکھ میں شریک ہونے آیا ہوں: بلاول

کوئٹہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں آج آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ میں ہزارہ برادری کے دکھ میں شریک ہونے آیا ہوں، یہ سیاست نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسا ملک اور ایسی دھرتی ہے جہاں لاشوں کو بھی احتجاج کرنا پڑتا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں، میں اپنے ہزارہ بہن بھائیوں سے کیا کہہ سکتا ہوں اور کیا بتاسکتا ہوں۔ ہماری حکومت چلی گئی، دوسری حکومت آگئی، آپ پھر سے شہیدوں کے ساتھ احتجاج کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ نے 100 لاشوں کے ساتھ احتجاج کیا تو ہم نے حکومت کو برطرف کردیا تھا۔ اب خان صاحب کی حکومت ہے، پھر سے آپ شہیدوں کے ساتھ احتجاج کررہے ہیں۔ آپ کا مطالبہ ایک ہی ہے کہ ہزارہ کے بھائیوں کو جینے دو۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ محسوس ہورہا ہے کہ ہمارا خون سستا ہے۔ 1999 سے لے کر آج تک ہزارہ برادری کے 2 ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں، لیکن آج تک ایک شہید کو بھی انصاف نہیں ملا۔ ان کے شناختی کارڈز دیکھ دیکھ کر قتل عام کیا جاتا ہے۔ ریاست سے اپیل ہے کہ وطن سے محبت کرنے والوں کو انصاف دیا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میرا تعلق بھی شہید خاندان سے ہے۔ ہم بھی آج تک اپنے شہیدوں کو انصاف نہیں دلا سکے۔ میرا وعدہ ہے کہ آپ بھی ہمارے بھائی، جب تک زندہ ہوں، ساتھ دوں گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔