ٹک ٹاکر حریم شاہ کا اپنی شادی سے متعلق نیا دعویٰ

کراچی: نت نئے تنازعات کے حوالے سے معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ شوہر کے پہلے سے شادی شدہ اور پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ہونے کے دعوے سے مُکر گئیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر کا نام بلال شاہ ہے اور ان کا تعلق پی پی پی سے ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حریم شاہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر ان سے شادی سے قبل غیر شادی شدہ تھے اور ان کا نام بلال شاہ ہے۔

ٹک ٹاکر کا دعویٰ ہے کہ بلال شاہ کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے اور وہ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے خاصے قریب ہیں۔
خیال رہے کہ چند ماہ قبل حریم شاہ نے شوہر کا نام بتائے بغیر دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سے شادی کرلی ہے۔
حریم شاہ کے دعوے کے بعد سعید غنی سمیت کئی پیپلز پارٹی اراکین نے دلچسپ بیانات بھی دیے اور ایسے کسی بھی واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔

اُس وقت حریم شاہ کا کہنا تھا کہ میری جن سے شادی ہوئی ہے، وہ رکن سندھ اسمبلی اور اس وقت صوبائی وزیر ہیں، کراچی میں مقیم اور اسمبلی اجلاس میں شرکت بھی کرتے ہیں اور ان کے قریبی دوستوں کو ہماری شادی کا علم ہے۔
اُس وقت حریم شاہ نے کہا تھا کہ میرے شوہر پہلے سے شادی شدہ ہیں، جب وہ اپنی پہلی بیوی کو راضی کرلیں گے تب سب کو شوہر سے متعلق بتاؤں گی۔
تاہم اب حریم شاہ شوہر کے رکن سندھ اسمبلی ہونے سمیت شادی شدہ ہونے کے دعوے سے مُکر گئی ہیں۔
میڈیا سے بات چیت میں حریم شاہ نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر کا نام بلال شاہ ہے جن کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔


ٹک ٹاک اسٹار کا کہنا ہے کہ شوہر سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے خاصے قریب ہیں۔
حریم شاہ نے شوہر کے پہلے سے شادی شدہ ہونے سے متعلق دعویٰ کے بارے میں کہا کہ وہ تو میں نے مذاق میں کہا تھا۔

حریم شاہ نے میڈیا سے شوہر بلال شاہ کی چند تصاویر بھی شیئر کی ہیں جن میں بلال شاہ کو سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔
ابھی تک حریم شاہ کی بلال شاہ سے شادی کی تصدیق کسی اور ذرائع نے نہیں کی جب کہ حریم شاہ نے نکاح نامہ کی تصویر یا دیگر تفصیلات فراہم کرنے سے اجتناب کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔