وزن کی زیادتی کے باعث شدید تنقید برداشت کی، حریم فاروق
کراچی: اداکارہ حریم فاروق نے کہا ہے کہ انہیں ان کے ڈرامے بسمل میں وزن کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
حریم فاروق ان دنوں اپنے نئے ڈرامے بسمل میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے نظر آئیں، اس ڈرامے کو ناظرین کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے تاہم مرکزی اداکارہ لوگوں کے رویے سے نالاں ہیں۔
حریم فاروق نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے ایک لمبے عرصے بعد کوئی ڈرامہ سائن کیا تھا اور اس ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان کا وزن پہلے سے زیادہ تھا۔ اداکارہ نے بتایا کہ بڑھے ہوئے وزن کی وجہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر انہیں حیرت ہوئی۔
حریم فاروق نے ڈرامے کے دوران اپنے وزن میں اضافے پر ہونے والی تنقید کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتی تھیں کہ وہ ذاتی زندگی میں کچھ مشکلات کا سامنا کررہی ہیں، جس کی وجہ سے ان کا وزن بڑھا۔ وہ دو ماہ میں وزن کم کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں، لیکن پھر انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ ایک عام جسمانی ساخت کی حامل ہیں، جو اکثر پاکستانی خواتین کی نمائندگی کرتی ہے اور اسی حالت میں ڈرامے کی شوٹنگ مکمل کی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہیں جلد کی بیماری سوریاسس ہے، جس کے نشان ابھی بھی ان کے چہرے پر موجود ہیں۔
حریم فاروق نے لیجنڈری اداکاروں سویرا ندیم اور نعمان اعجاز کے ساتھ کام کرنے کو ایک یادگار تجربہ قرار دیا اور کہا کہ میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔