ہرارے ٹیسٹ، پاکستان کو 198 رنز کی برتری، فواد کی شاندار سنچری

ہرارے: فواد عالم کی شاندار سنچری 108 ناٹ آؤٹ اور عمران بٹ کے 91 رنز کی بدولت پاکستان نے ہرارے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنالیے۔ یوں پاکستان کو میزبان ٹیم پر 198 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز 103 رنز بغیر کسی نقصان کے کیا، تاہم 115 رنز پر اُسے اپنے اوپنر عابد علی کا نقصان اُٹھانا پڑا، جو 60 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اظہر علی 36 رنز بناسکے جب کہ کپتان بابراعظم کو گولڈن ڈک کا شکار ہونا پڑا۔ فواد عالم اور محمد رضوان کے مابین شاندار 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ وکٹ کیپر محمد رضوان 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف کو بھی صفر کی خفت سے دوچار ہونا پڑا۔ فواد عالم نے 16 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے ہیں اور وہ وکٹ پر موجود ہیں جب کہ حسن علی نے 21 رنز ناٹ آؤٹ بنارکھے ہیں۔
زمبابوے کی جانب سے ڈونلڈ تریپانو سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے، اُنہوں نے 89 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ٹینڈائی چسورو، رچرڈ نگاروا اور بلیسنگ مزربانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔