10 لاکھ عازمین حج کی منٰی آمد، خیمہ بستی آباد
ریاض: 10 لاکھ عازمین مناسک حج کی ادائیگی میں مصروف ہیں اور وہ منٰی پہنچ چکے ہیں، اللھم لبیک کی صدائیں بلند ہیں جب کہ خیمہ بستی آباد کردی گئی ہے۔
عازمین آج رات منٰی میں خیموں میں قیام کریں گے اور کل میدان عرفات روانہ ہوں گے، خطبہ حج سنیں گے۔ خطبہ حج ہر سال کی طرح مسجد نمرہ سے دیا جائے گا۔عازمین کو بہت زیادہ پانی پینے اورسفر کے دوران پانی کا وافر ذخیرہ رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
حرمین شریفین کے امور کی نگراں وزارت کے مطابق منٰی میں عازمین حج کے لئے محفوظ اورآرام دہ خیموں کا شہر آباد کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزارت حج اورعمرہ نے حج کے انتظامات دیکھنے والی کمپنیوں میں سے ایک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اورقیادت پرپابندی عائد کردی۔ حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کو خدمات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمپنی پرپابندی زمینی حقائق کا جائزہ لینے اورخامیاں سامنے آنے کے بعد لگائی گئی ہے۔