مشیر خزانہ کو قومی مالیاتی کمیشن سے نکال دیا گیا!

اسلام آباد: قومی مالیاتی کمیشن سے حکومت نے حفیظ شیخ کو نکال دیا۔
حکومت نے قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کا نیا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نیا کمیشن نو ارکان پر مشتمل ہے اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو کمیشن سے نکال دیا گیا ہے جب کہ جاوید جبار خود کمیشن سے الگ ہوگئے تھے۔
جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کی درخواست پر سماعت کی۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے نیشنل فنانس کمیشن کی تشکیل کا نیا نوٹیفکیشن عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلا نوٹیفکیشن غیر موثر ہوگیا، اب یہ نوٹیفکیشن آن فیلڈ ہے، مشیر خزانہ کو نئے نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن میں شامل نہیں کیا گیا، قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف ٹی او آرز میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، پرانے مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے نوٹیفکیشن پر مجھے بھی اعتراض تھا۔
جسٹس عامر فاروق نے درخواست گزار سے کہا کہ جس نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا تھا، وہ حکومت نے واپس لے لیا تھا، آپ نے اپنے کیس میں جو استدعا کی، اس پر عمل ہوگیا، کمیشن کے نئے نوٹیفکیشن کے بعد آپ کی درخواست غیر موثر ہوگئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی درخواست نمٹا دی۔
لیگی رہنما محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ ہمارا اعتراض تھا کہ ہم سے مشاورت کے بغیر مالیاتی کمیشن تشکیل دیا گیا، ہماری یہ کامیابی ہے کہ حکومت کو ہم نے آئین کے تحت کام کرنے پر مجبور کیا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے حفیظ شیخ کی کمیشن میں شمولیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔ پرانے کمیشن میں حفیظ شیخ سمیت 11 ارکان شامل تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔