گوادر منصوبے بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالیں گے، وزیراعظم

گوادر: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ گوادر سینٹرل ایشیا تک منسلک ہوگا، چین دنیا میں تیزی سے بہت آگے جا رہا ہے، اس کے تجربے سے ہم بھی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا، اُن کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے، گوادر منصوبے بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالیں گے، یہاں ایک بین الاقوامی ایئرپورٹ بننے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آفس، وزیراعلیٰ بلوچستان آفس سے تمام منصوبوں کو مانیٹر کریں گے۔ فاٹا، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت جو علاقے پیچھے رہ گئے ان پر توجہ دیں گے۔ بلوچستان کے لوگوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ دلوائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، ہم اس کے لیے اقدامات کریں گے۔ سرمایہ کاروں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں۔ ملک میں انڈسٹری لگانے والوں کو سہولتیں فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بینکوں کو غریب لوگوں کو قرض دینے کی عادت ہی نہیں تھی، ہم غریب گھرانوں کو اپنا گھر بنانے کے لیے قرضے دے رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا افغانستان سے متعلق کہنا تھا کہ سب کو ایک خدشہ ہے وہاں انتشار نہ پھیلے، ہم چاہتے ہیں افغان سرزمین خانہ جنگی کا شکار نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔ افغانستان میں انتشار سے تمام ہمسایہ ملک متاثر ہوجائیں گے۔ افغانستان میں سیاسی تصفیے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔