مشعال ملک کو پاکستان کا گرین پاسپورٹ جاری

اسلام آباد: پاکستان نے مشعال ملک کو گرین پاسپورٹ جاری کردیا۔
سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس ہوا، جس میں سینیٹر فاروق نے خارجہ امور کے افسران اور کمیٹی ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی کی آخری میٹنگ ہے۔
اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی بربریت سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے۔
سیکریٹری خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ دوحا فورم میں اس بار افغانستان نے شرکت نہیں کی، افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا، اس حوالے سے افغانستان کے ساتھ روابط جاری ہیں اور دہشت گردی کے تدارک کے لیے افغانستان سے بات چیت ہوتی ہے۔
سیکریٹری خارجہ نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے تدارک کے لیے ہم ڈی جی ایم او کے ذریعے افغانستان سے بات کرتے ہیں، افغانستان سے ملا شیریں اور ان کے ڈی جی ایم او کا نمائندہ ہوتا ہے، افغانستان کو بتایا گیا، کوئی دہشت گردی ہوتی ہے تو کم از کم مذمت کی جائے، 5 لاکھ افغان مہاجرین کی واپسی مکمل ہوچکی ہے۔
اس کے علاوہ سیکریٹری خارجہ نے اجلاس مین مزید کہا کہ روس اور یوکرین دونوں سے اچھے تعلقات ہیں، اسٹاک ہوم میں ہمارا ایک افسر اپنے گھر سے ویزا جاری کرتا تھا، اسے واپس بلالیا تھا اب وہ ایف آئی اے کی تحویل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ماسکو سے آیا ہوں وہ پاکستان کے بارے میں اچھے خیالات رکھتے ہیں، روس طالبان کو تسلیم کرنے جارہا ہے اور بریکس کی ممبرشپ کے لیے درخواست دے دی گئی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔