حکومت کا نوجوانوں کیلیے لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد: ایک بار پھر مرکزی حکومت نے لیپ ٹاپ اور بلاسود قرض کی فراہمی کا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ پروگرام دوبارہ شروع کیا جارہا ہے، جس کے تحت وزیراعظم شہباز شریف لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ای روزگار، ای لرننگ، لیپ ٹاپ اسکیم اور دیگر پروگرامز پر کام کیا گیا ہے، 4 سال میں 5 لاکھ کے قریب لیپ ٹاپ بانٹے گئے اور رواں سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیے جائیں گے جب کہ بلوچستان کے لیے لیپ ٹاپ کوٹہ ڈبل کردیا ہے، اس کے علاوہ لیپ ٹاپ ٹرانس جینڈرز کو بھی دیے جائیں گے۔
شیزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے نزدیک نوجوانوں کا روزگار سب سے اہم ہے، حکومت نے ایک سال میں 20 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزنس اینڈ ایگری کلچر لونز کی تمام اپروولز ہوگئی ہیں، 5 لاکھ سے اوپرکا قرضہ آسان شرائط پر فراہم کیا جائے گا اور قرضے کا مقصد کاروبار کو فروغ دینا ہے، بچے اس طرح کے کاروبار شروع کریں کہ دوسروں کو روزگار کے مواقع ملیں جب کہ خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
شیزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ڈپارٹمنٹ اسپورٹس بند کردی تھیں، اسے بحال کیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔