بھارت: لڑکی نے ایڈز زدہ محبوب کا خون لگواکر محبت کا ثبوت دے دیا
آسام: عشق میں دیوانی 15 سالہ لڑکی نے محبت کا ثبوت پیش کرنے کے لیے خود کو ناقابل علاج بیماری میں مبتلا کرلیا، بھارتی لڑکی نے محبوب کے ایچ آئی وی پازیٹو والے خون سے بھرے انجکشن کو اپنے جسم میں لگوالیا، یہ اطلاع سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق آسام کے ضلع ساول کوچی سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ لڑکی نے فیس بک پر ایک لڑکے سے دوستی کی جو ستدولا علاقے کا رہائشی تھا۔ وہ تین برس سے ملتے رہے ہیں، اس دوران لڑکی کی محبت جنون میں بدل گئی۔ لڑکی نے بہت مرتبہ اپنے محبوب کے ساتھ جانے کی کوشش بھی کی، لیکن والدین اسے کسی طرح دوبارہ گھر لے آئے۔
اس کے بعد لڑکی نے انتہائی قدم اٹھایا اور ایڈز کے شکار محبوب کے جسم سے سرنج میں خون بھرا اور اسے اپنے بدن میں منتقل کرلیا۔ اس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور اس کے محبوب کو گرفتار کرلیا۔
لڑکی اب ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہے اور اس پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ دوسری جانب لڑکی کے اہلِ خانہ نے لڑکے پر مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسی دوران یہ خبر میڈیا اور سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی اور ایک نئی بحث چھڑ گئی جس میں عوام نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ ایک جانب تو عوام نے غم و غصے کا اظہار کیا تو دوسری طرف لوگوں نے مذاق اڑاتے ہوئے خاکے اور میمز بنائے۔ تاہم لڑکی نے ایڈز زدہ خون کو اپنے جسم میں منتقل کرکے اپنے تئیں محبت کا ثبوت پیش کردیا۔