جرمن نوجوان کا والدین کا گھر چھوڑنے کے بعد ٹرینوں میں بسیرا

شیلسویگ ہولسٹین: اپنے والدین کا گھر چھوڑنے کے بعد 17 سالہ جرمن نوجوان نے ٹرینوں میں بسیرا کرلیا اور انہیں اپنا گھر بنالیا ہے اور ایک سال سے بھی زائد عرصے سے ٹرینوں میں سوتا آرہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن ریاست شیلسویگ ہولسٹین سے تعلق رکھنے والے نوجوان لیسی اسٹولی ٹرینوں کو اپنا گھر بنا کر ایک جدت پسند خانہ بدوش بن گیا ہے۔ اس کے لیے اس نے اپنے والدین کو راضی کیا کہ وہ اسے گھر چھوڑنے کی اجازت دیں تاکہ وہ ایک منفرد ایڈونچر کا تجربہ حاصل کرسکے۔
پہلے پہل تو والدین کو راضی کرنے میں کافی وقت لگا، لیکن آخرکار وہ مان گئے۔ اس کے بعد سے لیسی پچھلے ڈیڑھ سال سے ٹرینوں میں رہ رہا ہے۔ وہ پورے ملک میں سفر کرتا ہے جب کہ دن میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر بھی کام کرتا ہے اور رات کو ٹرینوں میں سوتا ہے۔
لیسی نے میڈیا کو بتایا کہ میں ڈیڑھ سال سے ٹرین میں خانہ بدوش کے طور پر رہ رہا ہوں۔ رات کو میں انٹرسٹی ایکسپریس (آئی سی ای) ٹرین میں سوتا ہوں اور دن کے وقت میں ٹرین میں ہی ایک میز پر بیٹھ کر پروگرامر کے طور پر کام کرتا ہوں۔ میرے اردگرد بہت سے دوسرے مسافر بھی موجود ہوتے ہیں۔
نوجوان نے مزید بتایا کہ میں ملک کے ایک سے دوسرے سرے تک سفر کرتا ہوں۔ میں پورے جرمنی کو دیکھنا چاہتا ہوں۔
لیسی نے 2022 میں اپنا زیادہ تر سامان بیچ دیا تھا۔ بس اس کے پاس وہی کچھ بچا تھا جو اس کے بیگ میں موجود تھا۔ کم سے کم اور چھوٹی اشیا اور نئی چیزوں کی خواہشات کو مارنا اس کے طرز زندگی کا ایک لازمی حصہ ہے کیونکہ وہ جہاں بھی جاتا ہے، اُسے تمام چیزیں اپنے ساتھ ہی لے جانی پڑتی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔