افغان مذاکرات میں پاکستان کا اہم کردار، امن کی خاطر بہت قربانیاں دیں: جرمنی

برلن: جرمنی کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں قیام امن اور مذاکرات میں پاکستان کا کردار اہمیت کا حامل ہے، خطے میں قیام امن کی خاطر پاکستان نے بہت قربانیاں دیں۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پُرامن تعلقات کا خواہش مند ہے، مذاکرات کے لیے بھارت کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا۔
برلن میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران جرمنی کے وزیر خارجہ ہیکو ماس نے کہا کہ ہمسایہ ہونے کے ناتے افغان امن کے لیے پاکستان کی بہت اہمیت ہے، افغانستان میں تشدد کے خاتمے اور امن کے لیے مذاکرات جاری رہنے چاہئیں۔ پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران سیاسی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، افغان امن سے متعلق مستقبل میں ہونے والی کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس کے حصول میں جرمنی کے تعاون پر شکر گزار ہیں، پاکستان جرمنی کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، جرمنی کے ساتھ نئے اقتصادی تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان میں تجارت کے لیے بہترین مواقع ہیں، افغان معاملے سمیت دیگر امور پر پاکستان جرمنی کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے باعث دنیا کو چیلنج کا سامنا ہے، پاکستان جرمن ٹیکنالوجی ٹرانسفر سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، ویکسین کی فراہمی کے لیے جرمنی کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ خطے میں قیام امن سے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پُرامن تعلقات کا خواہاں ہے، مذاکرات کے لیے بھارت کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا، جرمنی کی طرح پاکستان بھی افغانستان میں امن اور خوش حالی چاہتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔