جنیوا کانفرنس: پاکستانی سیلاب متاثرین کیلیے 16.3 بلین ڈالر امداد کی اپیل
جنیوا: پچھلے برس شدید بارشوں کے باعث بدترین سیلاب کے باعث وطن عزیز کو بے پناہ نقصانات برداشت کرنے پڑے، اس سلسلے میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اہم ترین بین الاقوامی کانفرنس جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق کانفرنس کے مختلف سیشن ہوں گے اور پارٹنرز کی طرف سے امداد کے اعلانات بھی کیے جائیں گے، کانفرنس “موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والا پاکستان” کے عنوان سے ہورہی ہے۔
کانفرنس کا آغاز سیلاب سے بحالی کے لیے پاکستان کو وسائل کی فراہمی کی نشست سے ہوا۔ پاکستان میں سیلاب کی تباہی، نقصانات، امداد اور بحالی سے متعلق خصوصی وڈیو بھی کانفرنس میں دکھائی گئی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کانفرنس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اقوام ِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بڑاحصہ متاثر ہوا، تباہی کا خود مشاہدہ کیا اور تباہی کے مناظردیکھ کردل ٹوٹ گیا، سیلاب سے80لاکھ کےقریب لوگ بے گھرہوئے اور ملک کے بڑے حصے کو شدید نقصان پہنچا۔
انتونیوگوتریس نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی پاکستانیوں کا جذبہ دیکھ کر حیران ہوا، انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے، 3سال کی مدت میں 16.3 بلین ڈالر کی امداد درکار ہوگی، کانفزنس کے ذریعے کیس، ٹرانسفر و دیگر طریقہ کار سے مدد کی جاسکتی ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے خطاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہی، بحالی کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کا دکھ، درد محسوس کرنے پرتمام شرکا کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج ہم تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں، سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، 33ملین لوگ متاثرہوئے، مکانات، تعلیمی ادارے،زراعت کےشعبوں کونقصان پہنچا، انفرااسٹرکچرکی تباہی کیساتھ معیشت بری طرح متاثرہوئی، متاثرین کی تعمیرنواوربحالی کیلیے بڑے پیمانے پرامداد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں مدد کرنے والے ممالک کو پاکستان نہیں بھولے گا، سیلاب متاثرین کی بحالی اورتعمیرنوکیلیےفریم ورک تیارکیاہے، جس پرکام کرنے کے لیے 16.3 بلین ڈالر کی ضرورت ہے، پاکستان 16 ارب ڈالر میں سے 50 فیصد خود برداشت کرے گا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ آج اقوام عالم پاکستان سے یکجہتی کے لیے اکٹھے ہیں، پاکستان کا بیشترعلاقہ تاحال سیلاب کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے، سیلاب کےباعث3کروڑ30لاکھ افرادمتاثرہوئے، پاکستان میں ہر7میں سےایک شخص سیلاب سےمتاثرہوا۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سےتباہ کاریوں کاحجم بہت بڑاہے، جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف اوربحالی کاکام جاری ہے۔
کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف ممالک کے راہنماؤں اور اہم شخصیات سے دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے علاوہ فرانس کے صدر ایمانیوئیل میخواں، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، ناروے کے وزیراعظم جوناس گار سٹور، یورپی کمشن کی صدر محترمہ ارسلا وونڈر لییین، سویٹزرلینڈ کے فیڈرل قونصلر اور خارجہ امور کے فیڈرل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اگنیزیو کیسیس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
سوئٹزرلینڈ کے فیڈرل قونصلر اگنیزیو کیسیس، برطانیہ کے اسٹیٹ منسٹر برائے ترقی اینڈریو میچل، ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار ساجدوف وزیراعظم شہباز شریف سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چائنا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے چئیرمین لوژوہوئی اور اسلامی ڈویلپمنٹ بینک کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر بھی ملاقات کریں گے۔
بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے (یوایس ایڈ) کی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ازابیل کول مین اور ورلڈ بینک ایشیا ریجن کے نائب صدر مارٹن ریزر بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔