بھارت: بے نظیر بھٹو کی تصاویر کی بہار، بی جے پی کا ہنگامہ

چنائے: بھارت میں بے نظیر بھٹو کی تصاویر کی بہار، انتہا پسند ہندو برداشت نہ کرسکے، بھارتی ریاست کیرالہ کے دارالحکومت تھیروواناتھاپورم کی گلیوں کو پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی تصاویر سے سجایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے خواتین ونگ، آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام نیشنل کانفرنس کے حوالے سے دارالحکومت کے تمام اہم مقامات کی دیواروں پر لگائے جانے والے پوسٹرز کے لیے بینظیر بھٹو کی تصویر کا انتخاب کیا گیا۔
اس کے علاوہ کانفرنس کے دعوت نامے پر بھی بینظیر بھٹو کی تصویر کو بطور کور فوٹو استعمال کیا گیا۔
پوسٹر پر سابق وزیراعظم پاکستان شہید بینظیر بھٹو کے بارے میں ایک پیرا گراف بھی لکھا گیا کہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم جنہیں ہارورڈ سمیت دنیا کی 9 بہترین جامعات سے ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں دی گئیں، اس کے علاوہ بے نظیر اسکوائر کے الفاظ بھی درج کیے گئے۔
دوسری جانب بینظیر بھٹو کی تصویر والے پوسٹرز لگائے جانے پر بی جے پی کے کارکنوں نے شہر بھر میں ہنگامہ کھڑا کردیا۔
بی جے پی رہنما سندیپ واشسپتی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر دشمن ملک کی سابق وزیراعظم تھیں جنہوں نے بھارت کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی، جو لوگ دشمن کی عزت کرتے اور انہیں پوجتے ہیں وہ بھی اس ملک کے دشمن ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔