غزہ: اسرائیل نے اسپتالوں پر مزید بم باری کی دھمکی دے دی

غزہ: اسرائیلی درندگی کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ کے ال آہلی اسپتال پر میزائل حملے کے بعد اسرائیل نے مزید اسپتالوں پر بم باری کی دھمکی دی اور اسپتال خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔
عرب ٹی وی کو انٹرویو میں فلسطینی ہلال احمر کی ترجمان نیال فرسخ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج مسلسل غزہ پٹی کے اسپتالوں کو خالی کرانے کی وارننگ دے رہی ہے اور اسرائیلی طیارے غزہ کے اسپتالوں کے بالکل قریب بم باری کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بیشتر ہونے والی بم باری اسپتالوں سے 20 میٹر کے فاصلے پر کی گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارۂ صحت نے اسرائیلی حکم پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے اور ترجمان ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ غزہ کے تمام اسپتالوں کو خالی کرنا قریباً ناممکن ہے۔
ترجمان کے مطابق بہت سے مریض وینٹی لیٹرز اور نوزائیدہ بچے انکیوبیٹرز میں ہیں۔
اسرئیلی طیاروں نے گزشتہ شب القدس اسپتال سے صرف 100 میٹر کے فاصلے پر 10 فضائی حملے کیے جب کہ الشفا اسپتال کے اردگرد بھی حملے کیے۔
اُدھر غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور گزشتہ شب اسرائیلی طیاروں نے مختلف علاقوں میں بم باری کی۔
وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں غزہ پٹی پراسرائیلی بمباری سے 436 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں 182 بچے بھی شامل ہیں جبکہ شہدا کی مجموعی تعداد 5 ہزار 87 ہوگئی۔
وزارت صحت نے بتایاکہ اسرائیلی بمباری کے دوران 830 بچوں سمیت 1500 افراد لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے لاپتہ افراد تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
دھیان رہے کہ گزشتہ دنوں بھی اسرائیل نے غزہ کے اسپتال پر بم باری کی تھی جس کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور مریضوں سمیت 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔