گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں دستی بم دھماکے سے 2 اہلکار شہید
کراچی: شہر قائد میں دستی بم دھماکے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں واقع پولیس ہیڈ کوارٹر میں دستی بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ 2 اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا ہیڈ کوارٹر کے کوت میں ہوا جہاں مبینہ طور پر غفلت کے دوران ایک دستی بم پھٹ گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں 40 سالہ پولیس اہلکار شہزاد اور 45 سالہ صابر شہید جب کہ پولیس کانسٹیبل علی گوہر اور کوت انچارج سب انسپکٹر سعید زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب ڈی آئی جی آصف اعجاز واقعے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں انہوں نے صورت حال کا جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ نے بتایا کہ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر کے اسلحہ خانے سے پولیس اہلکاروں نے دو دستی بم باہر نکالے تھے کہ ان میں سے ایک کی پن نکل گئی جس سے زوردار دھماکا ہوا۔
ڈی آئی جی کے مطابق یہ کوت ایسی جگہ پر ہے جہاں دہشت گردی کا کوئی عنصر ظاہر نہیں ہوسکتا، اس اسلحے کا معائنہ کوت کے اندر ہی ہونا چاہیے تھا، اہلکاروں نے دستی بم باہر کیوں نکالے، اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں۔