اسموگ کے باعث پنجاب میں جمعہ کو چھٹی ہوگی

لاہور: صوبائی حکومت نے پنجاب میں اسموگ کے پیشِ نظر جمعہ 10 نومبر کو چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق فیصلہ صرف رواں ہفتے کے دوران آنے والے جمعہ کے لیے کیا گیا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انوائرنمنٹ کی کیبنٹ کمیٹی کی ابھی میٹنگ ہوئی ہے، 9 نومبر کو پورے ملک میں چھٹی کا اعلان ہوچکا ہے، 10 نومبر کو پورے پنجاب میں دفاتر اور اسکولوں کی چھٹی ہوگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ 10 نومبر کو پنجاب میں دفاتر، اسکولوں کی چھٹی آج نوٹیفائی کردیں گے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیکٹریاں بند نہیں کررہے، اگر عام مزدور کا چولہا چار دن بند کریں گے تو مسئلہ ہوگا، ہم ایک چھٹی کا اعلان کررہے ہیں اور بہت سوچ سمجھ کر کررہے ہیں، جمعہ کو اسکولوں میں ویسے ہی آدھا دن ہوتا ہے، ہفتے کو مارکیٹیں بند ہوں گی، تاجر جمعہ کو مناسب سمجھیں گے تو بند کردیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ جمعہ، ہفتہ، اتوار کو شادی گھر کھلے رہیں گے جب کہ پارک بند رہیں گے، بیکریاں اور فارمیسیز، ٹیک اوے ریسٹورنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مقصد یہ ہے کہ اسموگ کو نیچے لے آئیں، ختم کرنا ممکن نہیں، بارش زیادہ ہوتی ہے تو اس سے بھی اسموگ پرفرق پڑے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارت میں نئی دلی میں بھی اسکول بند کیے گئے، سخت فیصلے انہیں بھی کرنے پڑے، ہم ان شہروں کو بھی مانیٹر کررہے ہیں جہاں سخت اسموگ ہے، اگر آپ ان تین چار دنوں میں لاہور میں رہنا چاہتے ہیں تو گھروں میں رہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عوام ماسک ضرور پہنیں، بچوں اور بزرگوں کو ماسک ضرور پہنائیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔