اخبار کے ساتھ مفت ماسک!
سری نگر: کورونا وبا کے دوران مقبوضہ کشمیر میں اپنے قارئین کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی اہمیت سے آگاہ کرنے اور مہلک وائرس سے بچانے کے لیے اردو زبان کے اخبار روشنی کی انتظامیہ ایک صفحے پر ماسک چسپاں کرکے تحفتاً تقسیم کررہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے جاری ہونے والے ایک اخبار ’’روشنی‘‘ کی انتظامیہ نے صفحہ اول پر اشتہار کی جگہ ایک ماسک چسپاں کیا اور ساتھ ہدایت بھی تحریر کی کہ ’’ماسک کا استعمال ضروری ہے۔ اس سے نہ صرف آپ بلکہ آپ کے آس پاس رہنے والے لوگ بھی کورونا وائرس سے بچ سکتے ہیں۔‘‘
روشنی مقبوضہ کشمیر کا مقبول اور قدیم اخبار ہے، جس کی اب بھی قیمت صرف دو روپے ہے۔ سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اخبار انتظامیہ کے اقدام کو سراہا اور دیگر اداروں کو بھی اس انوکھے انداز کو اپنانے کی تجویز دی۔