ساحر بگا اور فضا علی کے کنسرٹ کے نام پر فراڈ کا انکشاف

لاہور: گلوکار ساحر علی بگا اور فضا علی کے نام پر نامعلوم افراد نے کنسرٹ کے ٹکٹ بیچ کر عوام کو لوٹ لیا۔
گلوکارہ اور اداکارہ فضاعلی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کے اور ساحر علی بگا سمیت عوام کے ساتھ بڑا فراڈ ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 28 جنوری کو انہیں اور ساحر کو ایک کنسرٹ کے لیے مدعو کیا گیا جو بہاولپور کے نور محل میں ہونا تھا، اس کے لیے ساحر اور ان کا نام استعمال کرکے ایڈوانس بُکنگ کی گئی اور ٹکٹ فروخت کیے گئے، تاہم انہیں کنسرٹ کے لیے معاوضہ نہیں دیا گیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ وہ کب اور کس طرح بہاولپور کے لیے روانہ ہوں۔
فضا علی نے بتایا کہ ہمارے نام پر کنسرٹ کے ٹکٹ بیچنے کے بعد منتظمین نے ان سے رابطہ منقطع کردیا اور اب وہ کنسرٹ نہیں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ غریب عوام کے ساتھ فراڈ کیا گیا ہے اور ان کے پیسے کمپنی نے ایڈوانس ٹکٹ بکنگ کے ذریعے ہڑپ لیے ہیں، فضا نے ٹکٹ خریدنے والے لوگوں سے درخواست کی کہ کسی طرح اپنے پیسے ریفنڈ کروالیں کیونکہ وہ اور ساحر کنسرٹ کے لیے نہیں آرہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔