پوتن نے یوکرین پر چڑھائی کرکے تاریخی غلطی کی، فرانسیسی صدر

پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے روس کے یوکرین پر حملے کو پوتن کی تاریخی غلطی قرار دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا کہ روسی صدر پوتن نے یوکرین پر چڑھائی کرکے ایک تاریخی اور بنیادی غلطی کی ہے، جس کی وجہ سے روس اس وقت تنہائی کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کی تذلیل نہیں کی جانی چاہیے، تاکہ جس روز یہ لڑائی رکے تو ہم سفارتی طریقے سے کوئی راہ ہموار کرسکیں۔
میکرون کا کہنا تھا کہ میں نے روسی صدر کو کہا تھا کہ انہوں نے اپنے لیے، اپنےلوگوں کے لیے اور تاریخ کے لیے ایک تاریخی اور بنیادی غلطی کردی ہے، میرے خیال میں انہوں نے خود کو تنہا کرلیا ہے، اپنے آپ کو تنہا کرنا الگ چیز ہے مگر تنہا کیے جانے کے قابل ہونا ایک مشکل راستہ ہے۔
فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی یوکرین کے دارالحکومت کیف کے دورے سے انکار نہیں کیا۔
دوسری جانب پوتن نے عالمی سطح پر خوراک اور توانائی کے بحران کا الزام مغرب پر عائد کیا ہے۔
خیال رہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کو 100روز مکمل ہوچکے ہیں، اس دوران ہزاروں افراد مارے گئے اور لاکھوں بے گھر ہوئے جس کے باعث دوسری جنگ عظیم کے بعد مہاجرین کے سب سے بڑے بحران کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔