کھیل کی غرض سے کار میں گھسنے والے 4 بچے دم گھٹنے سے جاں بحق
میانوالی: میانوالی کے علاقے کھگلانوالہ میں پیش آنے والے ایک انتہائی افسوسناک واقعے میں کھیلتے ہوئے کار کے اندر جانے والے چار کمسن بچے دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین بچیاں اور ایک بچہ شامل ہیں، جن کی اچانک موت پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شام اس وقت پیش آیا جب بچے کھیل کے دوران ایک کھڑی کار میں داخل ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچوں کے اندر جانے کے بعد کار کا دروازہ خودکار طور پر لاک ہوگیا، جس کے باعث وہ باہر نہ نکل سکے۔ شدید گرمی اور ہوا کی عدم دستیابی کے باعث کار کے اندر ان کا دم گھٹ گیا۔
اہلِ خانہ نے کافی دیر تک بچوں کی تلاش کی، تاہم بعدازاں انہیں کار کے اندر بے ہوش حالت میں پایا گیا۔ بچوں کو فوری قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی ہیں جب کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ اس افسوس ناک سانحے میں کسی قسم کی غفلت تو شامل نہیں تھی۔
واقعے کے بعد مقامی شہریوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو گاڑیوں کے قریب کھیلنے سے روکیں اور کھڑی گاڑیوں کو ہمیشہ لاک رکھنے کے ساتھ ان کی چابیاں بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں، تاکہ مستقبل میں ایسے الم ناک واقعات سے بچا جاسکے۔