سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرلیں

کراچی: سندھ کے سابق گورنر اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ آج شاید میری آخری سیاسی پریس کانفرنس ہے، میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی ارکان میں سے ہوں، ترقی، خوشحالی والے پاکستان کا خواب دیکھا تھا، پونے چار سال حکومت میں رہا، ناتجربے کاری تھی۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ 27 سالہ جدوجہد کے بعد ملنے والی حکومت پونے چار سال میں فارغ ہوئی، یہ بیانیہ بننا شروع ہوگیا کہ پی ٹی آئی کا مقابلہ پاک فوج سے ہے، میرا خاندان فوج سے نہیں، لیکن میرا دل پاک فوج کے ساتھ ہے، بچپن سے خواہش تھی کہ جی ڈی پائلٹ بنوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے، 9 مئی کے بعد کچھ دن چھپتا پھرا، پھر پکڑا گیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کسی کا دل ٹوٹا ہو تو معافی چاہتا ہوں، پی ٹی آئی اور اس کے تمام عہدے چھوڑ رہا ہوں، عمران خان آپ کو خدا حافظ کہتا ہوں اور پاکستان تحریک انصاف کو اللہ حافظ کہتا ہوں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔