ایک شخص انتشار چاہتا ہے، اداروں پر حملہ برداشت نہیں، آصف زرداری
کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پی ٹی آئی سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک شخص ملک میں انتشار چاہتا ہے، لیکن ہم اداروں پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔
آصف علی زرداری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک شخص ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے ہر لائن عبور کررہا ہے، اس کو نہ تو ملکی سالمیت کی فکر ہے اور نہ ملکی اداروں کی، اس شخص کو صرف اقتدار، اقتدار اور اقتدار کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ اداروں کی بقا سے ہی ملک کی بقا ہے اور ہم کسی صورت اداروں پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا 1947 سے لے کر اب تک ہم نے اور اداروں نے مل کر دشمن کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کریں گے، دشمن نے اس دفعہ اندر کے لوگوں سے ہی حملہ کروایا ہے، ہم اپنی پاک فوج کی قربانیوں اور شہادتوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے، ہم دشمن کی اس سازش کو بھی ناکام بنائیں گے۔