مسلح افواج بھارتی جنونیت کا بھرپور جواب دینے کیلیے تیار ہیں، پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی پھیلا کر خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا، پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جنونیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت کوئی اقلیت محفوظ نہیں، مودی سرکار کی جانب سے کسانوں پر طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، بھارتی پنجاب میں اس وقت کسانوں کی تحریک چل رہی ہے، پوری دنیا کو بھارت میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیوں کا ادراک ہے، بھارت کا غیر جمہوری اور دہشت گردی کا چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی پھیلا رہا ہے، لیکن پاکستان پر الزام تراشی کررہا ہے، بھارتی قیادت انتہا پسند عناصر کو ہوا دے کر الیکشن جیتی ہے، بھارت خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے، پاکستان جھوٹ کے بجائے سچ کے ساتھ بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دے گا، پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جنونیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
زاہد حفیظ نے کہا کہ ای یو ڈس انفولیب کا معاملہ یورپین پارلیمنٹ میں اٹھایا گیا، یورپی پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث عکاس ہے کہ بھارت دہشت گرد ملک ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، کشمیر میں ایک سال میں ماورائے عدالت 300 کشمیریوں کو قتل کیا گیا، سیکڑوں معصوم کشمیریوں کو بغیر الزام کے قید میں رکھا جارہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ایک روز حق خود ارادیت ملے گا، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے، پاکستان عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اسیر کشمیری رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کرتا ہے، پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے، نئی امریکی انتظامیہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔