تاریخ میں پہلی بار مسلم خاتون کا ہالینڈ کی وزیراعظم بننے کا امکان

ایمسٹرڈیم: آئندہ بدھ کو ہالینڈ میں وزارت عظمیٰ کے لیے انتخاب ہونے جارہا ہے، جس کے لیے پہلی بار ایک مسلم خاتون بھی میدان میں ہیں اور ان کی فتح کے امکانات بھی کافی روشن ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 7 سال کی عمر میں اپنے والدین کے ہمراہ براستہ یونان تارکین وطن کی کشتی پر خطرناک سفر طے کرکے ہالینڈ پہنچنے والی مسلم خاتون ڈیلن یسیل گوز ملک کی مستقبل کی وزیراعظم بن سکتی ہیں۔
مسلم تارک وطن خاتون کا مقابلہ سخت حریفوں سے ہے، جن میں منجھے ہوئے سیاست دان اور متحرک سیاسی جماعتوں کے ارکان شامل ہیں، لیکن حالیہ سروے بتاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی فار فریڈم اینڈ ڈیموکریسی کی مسلم خاتون رہنما ڈیلن یسیل گوز کو برتری حاصل ہے۔
46 سالہ ڈیلن یسیل گوز نے وزیر برائے انصاف کی حیثیت سے بھی ذمے داریاں نبھائیں جب کہ وہ 2017 سے 2021 کے درمیان رکن پارلیمان بھی رہیں اور بطور اسٹیٹ سیکریٹری برائے اقتصادی امور اور ماحولیاتی پالیسی کی بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
ڈیلن یسیل گوز ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی والدہ ترک النسل جب کہ والد کُرد تھے۔ ڈیلن یسیل گوز ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں پلی بڑھیں اور تعلیم حاصل کرنے کے بعد سیاست میں قدم رکھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔