فردوس عاشق اعوان مستعفی، وفاق میں اہم ذمے داری ملنے کا امکان
لاہور: فردوس عاشق اعوان وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہوگئی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اُن کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ وفاق میں فردوس عاشق اعوان کو اہم ذمے داریوں کی نوید ملی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وفاق میں محکمہ بہبود آبادی کا معاون خصوصی مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور وہ اب وزیر اعظم کی معاون خصوصی کی حیثیت سے ذمے داریاں سرانجام دیں گی، جب کہ پنجاب میں فیاض الحسن چوہان کو اطلاعات کی ذمے داری دی جائے گی، فیاض الحسن چوہان پہلے بھی وزارت اطلاعات کی ذمے داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے فردوس عاشق اعوان کی خدمات کو سراہا اور فردوس عاشق اعوان نے پنجاب میں خدمات سرانجام دینے میں تعاون پر وزیراعلیٰ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد اور ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فردوس عاشق اعوان سے کہا کہ میری خواہش ہے کہ اپ پنجاب میں بھی سیاسی امور کی انجام دہی میں پارٹی کو معاونت کریں، وزیراعظم عمران خان آپ کو وفاق میں ذمے داری دینا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے فردوس عاشق اعوان کو قیادت کے پیغام سے آگاہ کیا، جس پر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت جو بھی آئندہ حکم دے گی اس کی تعمیل کروں گی، وزیراعظم کی ٹیم کے رکن کے طور پر جہاں مناسب سمجھیں ذمے داری لگا دیں۔