پٹرولیم قیمتیں بڑھا کر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور یقین دلاتا ہوں کہ اگر عالمی سطح پر تیل سستا ہوا تو پاکستان میں جو کرسکتے ہیں وہ کریں گے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بجٹ میں کوئی ٹیکس نہیں بڑھایا، غریب افراد پر ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا، شوگر ملز پر ٹیکس بڑھایا ہے، امیروں پر ٹیکس لگارہے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے میں پیش رفت ہوئی ہے جب کہ چین سے بھی پیر تک پیسے آجائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران حکومت پاکستان کو دیوالیہ ہونے کی نہج پر چھوڑ کر گئی، ہمیں 200 ارب کا خسارہ ملا، ہم نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھاکر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، عمران خان بتائیں کہ وہ پاکستان کو سری لنکا کیوں بنانے جارہے تھے؟ ہم ساری ساری رات بیٹھ کر آئی ایم ایف سے بات کرتے ہیں اسی وجہ سے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں نے پہلے دن سے کہا، پٹرول کی قیمت بڑھانا لازمی ہے، یہ فیصلے وزیراعظم کے لیے بہت مشکل تھے، ہم ایک ایک چیز کی قیمت کے ذمے دار ہیں چاہے ہماری غلطی ہو یا نہ ہو، ہماری ذمے داری ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچائیں، آج اللہ کی مہربانی سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے لیکن آج اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے اور روپے کی قدر بھی مستحکم ہونے جارہی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑا اور یکطرفہ طور پر تیل کی قیمت کم کی، اب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو دیکھ رہے ہیں اور یقین دلاتا ہوں اگر جیسے ہی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں نیچے آتی ہیں تو پاکستان میں جو کچھ کرسکتے ہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد یہ پہلے 15 دن ہیں جن میں پٹرول اور ڈیزل پر کوئی نقصان نہیں ہورہا، اس سے پہلے پٹرولیم مصنوعات کو نقصان میں بیچ رہے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔