وفاق کے تحت عمر شریف کے علاج کیلیے میڈیکل بورڈ کی تشکیل
کراچی: مرکزی حکومت نے معروف اداکار اور کامیڈین عمر شریف کے علاج سے متعلق میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا جو اداکار کو بیرون ملک بھجوانے کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔
کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نجی اسپتال میں عمر شریف کی عیادت کی۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عمر شریف سے ملاقات کی ہے، آج ان کا ڈائیلیسز بھی ہوا ہے، عمر شریف نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی تھی، وزیراعظم نے وفاقی وزیر صحت کو ہدایت کی کہ عمر شریف کے کیس کی جانچ کریں اور دیکھیں کہ عمر شریف کی کیسے مدد کی جاسکتی ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر یاور پر مشتمل بورڈ تشکیل دے دیا گیا، ڈاکٹرز کے بورڈ کے فیصلے کی روشنی میں کیے گئے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا، ایئرایمبولینس چاہیے یا بزنس کلاس چاہیے، جو بورڈ کا فیصلہ ہوگا، اس پرعمل ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آج عمر شریف کی عیادت کے لیے پہنچے ہیں، وزارت صحت مشاورت کے بعد لائحہ عمل بنائے گی اور حکومت اس کو مکمل سپورٹ کرے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کا بورڈ فیصلہ کرے گا، پاکستان میں دل کا علاج ممکن ہے لیکن فیصلہ ڈاکٹرز کو کرنا ہے، علاج کا فیصلہ ڈاکٹرز کو کرنے دیں۔