کھیلوں کا شوقین، ذیابیطس کے بعد سارے شوق ختم ہوگئے، فواد خان

کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار فواد خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 17 برس کی عمر سے ذیابطیس میں مبتلا ہیں۔
اداکار فواد خان نے حالیہ انٹرویو میں اپنے لڑکپن کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ 17 سال کے تھے تو ان کا جسم آٹو امیون رسپانس سے گزر رہا تھا۔
فواد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اسکول کے دنوں میں بہت پھرتیلے اور کھیلوں کے شوقین تھے تاہم ذیابیطس ٹائپ ون کی تشخیص کے بعد ان کے سارے شوق ختم ہوگئے تھے۔
فواد خان نے اپنی بیماری سے متعلق بتایا کہ صرف 17 سال کی عمر سے مجھے انسولین کے انجیکشن لگائے جاتے تھے۔ ذیابیطس کے ابتدائی دنوں میں مجھے بہت زیادہ تکلیف ہوتی تھی۔ جسم میں شوگر لیول کم ہو تو ایسا لگتا ہے کوئی آپ کی روح کھینچ رہا ہے۔
فواد افضل خان کا کہنا تھا کہ اکثر میں فرش پر بھی گِرجاتا تھا، سانس لینے میں بہت دشواری ہوتی تھی اور بے حد پسینے آتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ایک مشکل وقت تھا جس سے ان کے والد بھی جذباتی طور پر بہت متاثر ہوئے کیونکہ وہ پہلے ہی اپنے ایک بیٹے کو کھوچکے تھے۔
اداکار فواد خان نے بتایا کہ اسکول کے دور میں وہ ہر وقت اپنے ساتھ ایک بوتل رکھتے تھے، جس میں انسولین کی شیشی، سرنج اور برف ہوتی تھی، جسے وہ ہمیشہ ساتھ رکھتے تھے۔
خیال رہے کہ فواد خان نے اپنے اسکول کے دنوں میں اپنے بینڈ کے ساتھ گلوکاری کا آغاز کیا تھا جب کہ کالج کے دنوں میں وہ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ چکے تھے۔
پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی فواد خان کی اداکاری کو بے حد سراہا جاتا ہے جبکہ فواد دنیا کے خوبصورت ترین مردوں کی فہرست میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔