حکومت شہباز کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کیخلاف عدالت سے رجوع کرے گی
اسلام آباد: شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کے فیصلے کے خلاف حکومت نے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔
ٹویٹر پر جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکے جانے کے معاملے پر کہا کہ بلیک لسٹ میں نام ڈالنا یا نکالنا ڈی جی ایف آئی اے کا اختیار ہے اور شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکلوانے کی کوئی درخواست ڈی جی ایف آئی اے کو نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ صرف زبانی باتوں پر ریکارڈ میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔
وزیر اطلاعات نے شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالے جانے پر کہا کہ حکومت اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 8 ہفتوں کے لیے علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، تاہم آج لاہور ایئرپورٹ پر انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔