وزیراعظم، سعودی ولی عہد ملاقات: دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق!

اسلام آباد/ جدہ: وزیراعظم پاکستان عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودیہ پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔
اس ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ،علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کی گئی، وزیراعظم نے رمضان المبارک کے خصوصی ایام میں مقامات مقدسہ کی زیارت کا موقع فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا اور گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی کے اقدامات کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا اور دو طرفہ تاریخی تعلقات، مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستانی عوام کی طرف سے مقدس سرزمین سے خصوصی عقیدت کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے مستقل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بڑھانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت بھی کی گئی اور وزیراعظم نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے مواقع بڑھانے پر خصوصی زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطیٰ کے اقدامات کی تعریف کی۔ سعودی ولی عہد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا اور افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے پاکستان کی مستقل کوششوں پر روشنی ڈالی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے سعودی پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے۔ کونسل پاک سعودی تعلقات کی ترقی کو اسٹرٹیجک سمت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے کونسل تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی، اس کے علاوہ پاکستان اور سعودی عرب میں متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔