پہلا ٹیسٹ: فہیم اور رضوان نے قومی ٹیم کو فالوآن سے بچالیا!
نیپئر: ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے 431 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 239 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، تاہم محمد رضوان اور فہیم اشرف کی ذمے دارانہ بیٹنگ کے بدولت قومی ٹیم فالو آن کے خطرے سے محفوظ رہی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ پہلی اننگز میں 431 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی، کپتان محمد رضوان اور فہیم اشرف کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب شان مسعود 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جس کے بعد نائٹ واچ مین عباس علی بیٹنگ کے لیے آئے اور کھیل کے تیسرے روز 5 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سابق کپتان اظہر علی 5، حارث سہیل 3، فواد عالم 9 اور یاسر شاہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ عابد علی 25 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
پاکستان کی 6 وکٹیں 80 رنز پر گرگئی تھیں اور ٹیم کو فالو آن کے خطرے کا سامنا تھا تاہم کپتان محمد رضوان اور فہیم اشرف نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف نصف سنچریاں اسکور کیں بلکہ فالو آن کا خطرہ بھی ٹال دیا۔
کپتان محمد رضوان اور فہیم اشرف کے درمیان 107 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی اس دوران دونوں بلے بازوں نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں، تاہم بدقسمتی سے محمد رضوان 71 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔
فہیم اشرف کیریئر بیسٹ 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن بدقسمتی سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل نہ کرسکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ اور کائل جیمسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ نیل ویگنار کے حصے میں آئی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 431 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کیوی کپتان کین ولیمسن 129 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ بی جے واٹلنگ 73، روز ٹیلر 70 اور ہینری نکولس 56 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، یاسر شاہ نے 3 جب کہ فہیم اشرف، محمد عباس اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔