ماہرین کا شہریوں کو قربانی کے گوشت کے متوازن استعمال کا مشورہ

کراچی: قربانی کے گوشت کا متوازن استعمال شہریوں کے لیے اپنی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ازحد ضروری ہے۔ صحت سے متعلق مسائل میں خوراک سے پیدا ہونے والی بیماری (ایف بی ڈی) بھی شامل ہیں، ایف بی ڈی آلودہ غذا یا مشروبات کے سبب ہوتی ہے، ان آلودہ کھانوں میں کچا گوشت اور خراب غذا شامل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار آغا خان یونیورسٹی کے پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر ایس ایم وسیم جعفری نے گزشتہ روز ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، جامعہ کراچی کے عوامی آگاہی پروگرام کے تحت عیدالاضحیٰ پر صحت سے متعلق مسائل کے موضوع پر منعقدہ لیکچر کے دوران کیا۔
لیکچر کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی اور سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) کے باہمی تعاون سے ہوا۔
پروفیسر وسیم جعفری نے کہا کہ اسہال، قے کا ہونا، پیٹ درد، متلی، بخار، تھکاوٹ، کمر یا جوڑوں کا درد ایف بی ڈی بیماری کی علامات ہیں۔
انہوں نے کہا، اس مرض میں بہت سی بیماریاں شامل ہیں جو دنیا میں صحت عامہ کا ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہے جو بعض اوقات جان لیوا بھی ہوتا ہے، اس کی وجہ سے ہیضہ، ہیپاٹائٹس اے، ٹائیفائیڈ فیور جیسے پیچیدہ امراض پیدا ہوتے ہیں۔ ایف بی ڈی بیماری کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، ایک ایف بی ڈی انفیکشن اور دوسری ایف بی ڈی انٹوکسی کیشن ہے۔
انہوں نے کہا، خوراک سے پیدا ہونے والی بیماری کی روک تھام میں صفائی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ چند اہم احتیاطی اقدامات سے خوراک سے پیدا ہونے والی بیماری کی روک تھام ممکن ہے جن میں ہاتھ اور سطحوں کو اکثر دھونا، کھانا علیحدہ پکانا، پکاتے وقت خاص درجہ حرارت کا خیال رکھنا، فوری فریج میں رکھنا اور ذاتی حفظانِ صحت کا خیال رکھنا شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیے ضروری ہے وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر متوازن غذا کا استمال کریں تاکہ صحت سے متعلق متعدد امراض سے بچا جاسکے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔