گرل فرینڈ کی جگہ بھیس بدل کر امتحان دینے والا گرفتار
ڈکار: محبوبہ کو امتحان میں کامیاب کرانے کے لیے انوکھا طرز عمل اختیار کرنے والا عاشق بالآخر پکڑا گیا۔ سینیگال کے علاقے دیوربیل میں بھیس بدل کر اپنی گرل فرینڈ کی جگہ امتحان دینے والے عاشق کو گرفتار کرلیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق خادم امبوپ نامی 22 سالہ نوجوان دیوربیل کی گستون برجر دے سینٹ لوئی یونیورسٹی کا طالب علم ہے جو اپنی 19 سالہ گرل فرینڈ گانگوئے دیوم کا روپ دھار کر، اس کی جگہ گریجویشن کا امتحان دینے پہنچا۔
وِگ لگانے کے ساتھ، امبوپ نے لڑکیوں کا لباس بھی زیب تن کیا جب کہ بالوں اور میک اپ کے ساتھ اس نے روایتی اسکارف بھی پہن لیا تاکہ کوئی اسے پہچان نہ سکے۔
اس طرح دو پرچوں میں تو وہ امتحانی مرکز پر موجود عملے اور ممتحن کو دھوکا دینے میں کامیاب رہا لیکن تیسرے پرچے میں وہاں کے سپروائزر کو اس ’’لڑکی‘‘ پر شک ہوگیا۔
تلاشی لینے پر ذرا سی دیر میں انتظامیہ پر انکشاف ہوا کہ ان کے سامنے موجود فرد لڑکی نہیں لڑکا ہے جو بھیس بدل کر امتحان دے رہا ہے۔
اس انکشاف کے ساتھ ہی امتحانی مرکز کی انتظامیہ نے پولیس کو بلوالیا۔ اگلے چند منٹوں میں امبوپ نے پولیس کے سامنے سچائی اگل دی اور بتایا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کی جگہ امتحان دے رہا تھا جو قریبی ریسٹورنٹ میں اس کی منتظر ہے۔
اس لڑکی کو بھی فوراً گرفتار کرلیا گیا اور ان دونوں پر امتحان میں جعل سازی کا کیس بنادیا گیا۔
اپنے دفاع میں امبوپ نے پولیس حکام سے کہا کہ اس نے کوئی جرم نہیں کیا بلکہ وہ اپنی گرل فرینڈ کی مدد کررہا تھا کیونکہ وہ اپنی انگریزی بے حد کمزور ہونے کی وجہ سے گریجویشن کے امتحان میں شدید مشکلات کا شکار تھی۔
افسوس کہ عاشق کی یہ دلیل پولیس حکام کو بالکل بھی متاثر نہ کرسکی اور عاشق و معشوق، دونوں پر دھوکا دہی اور جعل سازی کی دفعات کے تحت مقدمہ بنادیا گیا۔