انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی 17 سال بعد پاکستان آمد

کراچی: میزبان ملک سے 7 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے جوز بٹلر کی قیادت میں انگلستان کی 19 رکنی کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی۔
دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے پہلے مرحلے میں ابتدائی چار ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ اگلے ماہ شیڈول آئی سی سی ٹی20 عالمی کپ سے قبل ہونے والی اس سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان بھی آج ہوگا۔
دبئی کے راستے آنے والی مہمان ٹیم کی آمد کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، اپنی آمد کے بعد انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر مقامی ہوٹل میں 2 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔
سیریز کے ابتدائی چار میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ آخری تینوں میچز بالترتیب 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں طے ہیں۔

کراچی میں دونوں ٹیمیں ہفتہ کی شام سات بجے اپنے پریکٹس سیشنز کا آغاز کریں گی، یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا جب کہ میچز کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوا کرے گا۔
قبل ازیں، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پنڈلی کی تکلیف سے صحت یاب ہونے والے جوز بٹلر کی قیادت میں معین علی کو 19 رکنی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا تھا جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ہیری بروک، جارڈن کوکس، سیم کرن، بین ڈکٹ، لیام ڈاؤسن، رچرڈ گلیسن، ٹام ہیلم، ول جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹاپلے، ڈیوڈ ولے، کرس ووکس، لیوک ووڈ اور مارک ووڈ شامل ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی نے انگلینڈ کے ساتھ سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے جس میں انگلینڈ کے ڈیوڈ گاور، مارک بائوچر کے علاوہ وسیم اکرم، وقار یونس، عامر سہیل، بازید خان اور عروج ممتاز کمینٹریٹر کے فرائض انجام دیں گے جب کہ زینب عباس پریزنٹر کے طور پر ذمے داریاں ادا کریں گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔