بجلی بحران سنگین، کراچی سمیت دیگر شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ
کراچی: وقت گزرنے کے ساتھ ملک میں بجلی بحران سنگین شکل اختیار کررہا ہے، شہر قائد میں جہاں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، وہیں سندھ کے دوسرے شہر بھی بدترین بجلی بحران کی لپیٹ میں ہیں، کئی شہروں میں بجلی بندش کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، لوگ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کررہے ہیں، کئی علاقے ایسے ہیں جہاں دو دو ہفتوں سے بجلی غائب ہے۔
اسی طرح ملک کے دیگر خطوں میں بھی صورت حال کچھ اچھی نہیں کہی جاسکتی۔ کیونکہ بجلی کا بدترین بحران جاری ہے اور شارٹ فال 7300 میگاواٹ تک جاپہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 21 ہزار 900 میگاواٹ اور طلب 29ہزار 200 میگاواٹ ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال بڑھنے سے شہروں میں10 اور دیہات میں 12 سے 14 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث شدید گرمی میں عوام اذیت میں مبتلا ہیں۔
وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی بندش کی بڑی وجہ پاور ہاؤسز کو تیل اور گیس کی قلت ہے۔