ایکس کے سربراہ ایلون مسک کا دورۂ بھارت ملتوی
نیویارک: سماجی رابطے کی سائٹ ایکس کے سربراہ اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے دورۂ بھارت ملتوی کردیا۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کا بھارت کا دورہ طے تھا، جسے انہوں نے اچانک ملتوی کردیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ایلون مسک کے دورۂ بھارت کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی طے تھی اور ان کے دورے کو جنوبی ایشیائی مارکیٹ میں ٹیسلا کی انٹری کے طور پر دیکھا جارہا تھا، تاہم اب ان کا دورہ بغیر کسی وجہ کے ملتوی کردیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کے دورۂ بھارت ملتوی ہونے کی فوری کوئی وجہ سامنے نہیں آسکی اور بھارتی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے بھی اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے 10 اپریل کو ایلون مسک کے دورۂ بھارت کی خبر دی گئی تھی، جس کے بعد ایکس پر جاری بیان میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ بھارتی وزیراعظم مودی سے جلد ملاقات کے منتظر ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ایلون مسک کے دورۂ بھارت کے دوران 2 سے 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع تھا، جس میں بھارت میں کار فیکٹری کے قیام کو اہم سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔