الیکشن ڈیوٹی: کراچی کے سرکاری اسپتالوں کا تمام عملہ ڈاکٹروں سمیت طلب

کراچی: ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات انعقاد ہورہا ہے، عام انتخابات کے لیے سینئر ڈاکٹروں سمیت سرکاری اسپتال کا پورا عملہ طلب کرلیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے عباسی شہید اسپتال سمیت کے ایم سی کے دیگر اسپتالوں کا پورا عملہ الیکشن ڈیوٹی پر طلب کیا گیا ہے۔

سینئر ڈاکٹرز، آر ایم اوز اور دیگر عملے کو الیکشن تربیت کے لیے آنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ اسپتال کے آئی سی یو سمیت تمام شعبوں کے ڈاکٹرز اور عملے کو بھی بلالیا گیا ہے۔

عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز اور عملہ ضلع کیماڑی اور غربی میں الیکشن ڈیوٹی پر تعینات ہوگا، عباسی شہید اسپتال انتظامیہ نے الیکشن ڈیوٹی سے متعلق میئر کراچی کو بذریعہ خط آگاہ کردیا ہے۔

انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ قانون کے مطابق ایمرجنسی اسٹاف کو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات نہیں کیا جاتا، محکمہ صحت نے بھی انتخابات کے دوران اسپتالوں کو ہائی الرٹ کیا ہے، محکمہ صحت کو حساس علاقوں میں انتخابات میں میڈیکل کیمپ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔