افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کیخلاف ہمہ دم تیار ہیں، آرمی چیف

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ”پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس“ سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے معماروں اور اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہوکر انتہائی خوشی محسوس کررہا ہوں، پاکستان کو بنانے کا مقصد یہ تھا کہ ہمارا مذہب، تہذیب و تمدن ہر لحاظ سے ہندوؤں سے مختلف ہے نہ کہ ہم مغربی تہذیب و تمدن کو اپنالیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے وطن، قوم، ثقافت، تہذیب و تمدن اور اپنے آپ پر بے پناہ اعتماد ہونا چاہیے، پاکستان کے نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہیے کہ وہ ایک عظیم وطن اور قوم کے سپوت ہیں، ہمارے ملک کے نوجوان اس قوم و ملک کی روشن روایات، اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف تو افواج پاکستان لڑسکتی ہیں مگر دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے، سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کا مقصد بے یقینی، افراتفری اور مایوسی پھیلانا ہے۔
آرمی چیف نے زور دیا کہ تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے، اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتے ہیں کہ: ”اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اُس کی تحقیق کرلو۔“
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے، دونوں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئیں، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ معدنی وسائل، زراعت اور نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے۔
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ مسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے، ہماری افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کے خلاف ہمہ دم تیار ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں، پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔