وزیراعظم کیخلاف پیپلز پارٹی کی درخواست الیکشن کمیشن نے مسترد کردی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات سے قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ارکان اسمبلی کو فنڈز کے اجرا کے خلاف پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کردی۔
الیکشن کمیشن میں سینیٹ انتخابات سے قبل خواتین اراکین اسمبلی کو فنڈز کے اجرا پر وزیراعظم کے خلاف پیپلز پارٹی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
الیکشن کمیشن رکن کے پی ارشاد قیصر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ درخواست گزار پیپلزپارٹی کے رہنما سید نیر حسین بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
نیر حسین بخاری نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے قبل ارکان اسمبلی کو فنڈز کی صورت رشوت دی گئی اور ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی، وزیراعظم کا ارکان کو فنڈز دینے کا اعلان رشوت دینے کے زمرے میں آتا ہے، انہوں نے آرٹیکل 181 کی خلاف ورزی کی، جس پر سزا دی جاسکتی ہے، ان کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی الیکشن کمیشن کی توہین کے مترادف ہے، جس پر الیکشن کمیشن تین سال سزا اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کرسکتا ہے، وزیراعظم کے اعلان پر الیکشن کمیشن ازخود نوٹس لینے کا اختیار رکھتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سماعت کے بعد نیر حسین بخاری کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔
خیال رہے کہ پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات سے قبل خواتین اراکین اسمبلی کو فنڈز دینے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔